Subscribe Us

” ھ “ اور ” ہ “ میں فرق


” ھاں “ اور ” ہاں “ کیا دونوں درست ہیں؟ اِسی طرح ” ہم “ اور ” ھم “ میں کیا فرق ہے ؟؟؟ 


جان لیجیے! اُردو میں دو چشمی ” ھ “ جسے ( ہاے مخلوط کہتے ہیں ) کا استعمال دو حروف تہجی بنانے کے لیے ہوتا ہے ۔ مثلاً :

بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، گھ ، اور لھ وغیرہ ـ 


بعض جگہوں پر خوب صورتی یا کسی اور وجہ سے لوگ ابتدا میں ” ھ “ کا استعمال کرتے ہیں مثلاً : ” ھم “ ، ” ھماری “ اور ” ھاں “ وغیرہ ـ 


مگر یہ استعمال درست نہیں ہے ـ اولاً اس لیے کہ اردو میں ” ھ “ ابتدا میں کبھی آ ہی نہیں سکتا ـ کیوں کہ یہ صورت عربی سے آئی ہے ـ


یہاں ذوق کا ایک شعر اہلِ ذوق کی نذر کرتا ہوں : 


ہائے رے حسرتِ دیدار ، مِری " ہاے " کو بھی

لکھتے ہیں ہاے دو چشمی سے ، کتابت والے


ثانیاً دو چشمی ” ھ “ کی اکیلی مستقل آواز نہیں ہے بلکہ اسے کسی دوسرے حرف کے ساتھ ملا کر لکھا اور پڑھا جاتا ہے ، دو چشمی ” ھ “ اردو میں ہندی زبان سے اخذ کی گئی ہے اور یہ صرف چند حروف کے ساتھ ہی آسکتی ہے ، اردو کے تمام حروف تہجی کے ساتھ نہیں آسکتی مثلاً :

بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، گھ ، اور لھ وغیرہ۔ 

اس کے علاوہ باقی حروف کے ساتھ دوچشمی ” ھ “ نہیں آتی ، جب کہ ” ہ “ کی الگ مستقل آواز ہوتی ہے ـ


ذیل میں دوچشمی ” ھ “ یعنی ہاے مخلوط اور ” ہ “ یعنی ہاے ملفوظ کے چند جملے لکھے جارہے ہیں ، انھیں پڑھ کر ہمارے قارئین کو اندازہ ہوجائے گا کہ ان دونوں کے پڑھنے میں کیا فرق ہے اور اُردو زبان میں یہ دو مختلف ھ/ہ الگ الگ کیوں رائج ہیں اور ان کی اہمیت کس قدر ہے ـ


دیکھیے : لفظ " بھاتے اور بہاتے " پہلے میں ہاے مخلوط اور دوسرے میں ہاے ملفوظ ہے ـــــ اب ان دونوں کا ایک ایک جملہ ملاحظہ کیجیے : 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : ننھے مُنے بچے مَن کو *بھاتے* ہیں

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : لاپروا لوگ پانی زیادہ *بہاتے* ہیں 


دیکھیے : لفظ " پھاڑ اور پہاڑ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : بچے نے کاپی کا صفحہ *پھاڑ* دیا

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : *پہاڑ* پر چڑھنا ایک مشکل کام ہے


دیکھیے : لفظ " تھ اور تَہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : دنیا کا ایک مُلک *تھائی* لینڈ بھی ہے

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : ایک *تِہائی* کام ہو گیا ہے دو تِہائی باقی ہے 


دیکھیے : لفظ " ٹھ اور ٹہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : آج کل اُن دونوں کی آپس میں *ٹھنی* ہوئی ہے 

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : درخت کی *ٹہنی* پر بلبل نغمہ سرا ہے 


دیکھیے : لفظ " جھ اور جہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : قرض کے بار نے *بوجھل* کر دیا ہے

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : *بوجہل* کو محبوب ﷺ دکھائے نہیں جاتے 


دیکھیے : لفظ " چھ اور چہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال :قربانی کے جانور کے لیے *چھرا* تیز کرو

 ✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :خوش خبری سُن کر اُس کا *چہرا* کِھل اُٹھا 


دیکھیے : لفظ " دھ اور دہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال: صبح صبح میرا *دھندا* ( کاروبار ) خراب نہ کرو

 ✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :مذہبِ اہلِ سنت ہی نجات *دہندہ* ہے اسے مضبوطی سے تھام لو 


دیکھیے : لفظ " کھ اور کہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : میرا قلم کہیں *کھو* گیا ہے

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :اب *کہو* کہاں جانے کا ارادہ ہے ؟


دیکھیے : لفظ " گھ اور گہ " 


✨ ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : جنگلات میں *گھنے* درخت ہوتے ہیں

✨ ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : اُس نے اپنی شادی پر *گہنے* اور دیگر زیورات پہنے تھے.

Post a Comment

0 Comments